حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سربراہ ادارہ منہاج الحسین علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعائرِ حسینی و عزاداری کے مخالفین منظم سازش کے تحت فتنہ پھیلا رہے ہیں اور اپنوں کے لبادے میں دشمنان آل محمد علیہم السلام کی تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام علی علیہ السلام نے ایک اصول دے دیا ہے کہ جب کبھی دیکھو کہ دشمن تمہاری تعریف کر رہا ہے تو سمجھ لینا کہ تم میں کوئی خامی ہے، دشمن تمہاری تعریف کرکے تمہیں اور حوصلہ دے کرآپ سے اور کچھ اگلوانا چاہتا ہے۔
علامہ محمد حسین اکبر کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی بار کہا ہے کہ جو شعائر حسینیہ کی مخالفت کرتا ہے، وہ شیعہ ہے نہ سنی بلکہ استعمار کا ایجنٹ ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام کے فرمان کے مطابق اس کے لبادے پر مت جاو ٔکہ وہ کس لبادے میں ہے، کس ٹائٹل میں ہے، شیطان نے یہ کہہ دیا تھا کہ حسینیوں سے محبت حسین علیہ السلام چھیننا چاہتے ہو تو شعائر حسینیہ کی محبت چھین لو، علم سے نفرت پیدا کر دو، ذوالجناح اور تعزیہ سے نفرت پیدا کر دو، مجلس ماتم سے نفرت پیدا کر دو، جب شعائر حسینیہ سے حسینی دور ہو جائے گا میں شیطان اسے قابو کر لوں گا۔
علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ جب کبھی بھی کسی لبادے میں کوئی بھی کسی بھی وقت، کسی ٹائٹل کے ساتھ شعائر حسینیہ کیخلاف زبان درازی کرتا ہے تو فوراً سمجھ جاؤ کہ یا شیطان بول رہا ہے یا شیطان کا چیلا بول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایسے شیطان موجود ہیں جو شعائر حسینیہ کیخلاف گندی زبان استعمال کرکے مذہب محمد (ص) و آل محمد (ع) کو تقویت پہچانے کی بجائے اسے کمزور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شیعہ اہلبیت علیہ السلام کے دشمنوں کو راضی کرنے کی خاطر شعائر امام حسین علیہ السلام کو چھوڑنے پر راضی ہو گا تو وہ شخص اپنے آپ کو شیعہ کہلوانے کا حق نہیں رکھتا، نئے نئے فتنے سر اٹھا رہے ہیں، ہمیں اس کیلئے جاگنا ہوگا، ان کا راستہ روکنا ہوگا۔